کورونا کا تشویشناک پھیلاؤ، حکومت کا عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران ملک بھر کے تمام پبلک پارکس، ریسٹورنٹس، ہوٹلز، ریزورٹس، شاپنگ مالز بند رکھنے کا فیصلہ، ہر قسم کی سیاحت پر بھی مکمل پابندی عائدکر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے عیدالفطر کی چھٹیوں کے دوران عوام کے لیے نئی ہدایات جاری کر دیں، جن کے مطابق تعطیلات کے دوران ملک بھر کے تمام پبلک پارکس، ریسٹورنٹس، ہوٹلز، ریزورٹس، شاپنگ مالز بند رکھے جائیں گے۔
وزارت داخلہ نے این سی او سی کے فیصلوں کی روشنی میں عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران پبلک پارکس، ریسٹورنٹس اور ہوٹلز بند رکھنے کا اعلان کیا۔ وزارت داخلہ کی جانب سے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے منگل کو ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں
کے حوالے سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ اعتکاف، شب قدر، جمعة الوداع اور نماز عید کےلئے معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) بروقت جاری کیے جائیں گے۔
ملک میں 8 سے 16 مئی تک سیاحت پر مکمل پابندی رہے گی، عیدالفطر کی تعطیلات کے دوران بھی پابندی کا اطلاق ہوگا۔نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ سیاحتی مقامات اور اردگرد کے تمام ریزورٹس، پبلک پارکس، ریسٹورنٹس، شاپنگ مالز اور ہوٹل مکمل بند رہیں گے۔عید کی تعطیلات میں بین الصوبائی اور انٹرسٹی ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گی، تاہم گلگت بلتستان کے مقامی افراد کو واپس جانے کی اجازت ہوگی،اسی طرح عید کی تعطیلات میں مری، گلیات، سوات۔
کالام، ساحلی علاقوں اور شمالی علاقہ جات جانے والی سڑکیں بند رہیں گی۔وزارت داخلہ نے کہا کہ عید کی تعطیلات کے دوران بجلی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ دوسری جانب عید الفطر کے موقع پر تعطیلات کے حوالے سے وفاقی حکومت کی جانب سے اہم اعلان کیا گیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ عید الفطر کے موقع پر 5 چھٹیاں ملیں گی۔
کوشش ہے عید کے موقع پر ملک میں مکمل لاک ڈاون نہ لگایا جائے، جبکہ عید کے موقع پر کرونا کے پھیلاو کو روکنے کیلئے تمام سیاحتی مقامات 8 سے 16 مئی تک بند رہیں گے۔بتایا گیا ہے کہ عید الفطر کی تعطیلات کے حوالے سے نوٹیفیکیشن وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کیا جائے گا۔