دبئی-بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کی سالگرہ پر دنیا کی بلند ترین عمارت برج خلیفہ ان کی تصویر سے جگمگا اٹھی۔ گلف نیوز کے مطابق شاہ رخ خان نے 2نومبر کو اپنی 56ویں سالگرہ منائی اور اس روز برج خلیفہ پر ان کی تصویر روشن کرکے انہیں سالگرہ کی مبارکباد دی گئی۔ ان کی تصویر کے ساتھ ’We Love You‘ اور ’سالگرہ مبارک‘ کے الفاظ بھی برج خلیفہ پر جگمگاتے رہے۔
رپورٹ کے مطابق تصویر کے ساتھ سالگرہ کی مبارکباد دینے کے بعد شاہ رخ خان کی فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ کا معروف گیت ’تجھے دیکھا تو یہ جانا صنم‘ بھی برج خلیفہ پر چلایا گیا۔معروف کاروباری شخصیت محمد العبار نے برج خلیفہ پر شاہ رخ خان کی تصویر روشن کیے جانے کے اس منظر کی ویڈیو اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر پوسٹ کی اور کنگ خان کو سالگرہ کی مبارکباد دی۔شاہ رخ خان نے اپنے انسٹاگرام پر کی گئی ایک پوسٹ میں محمد العبار کا شکریہ ادا کیا اور لکھا کہ ”دنیا کی سب سے بڑی اور سب سے بلند سکرین پر خود کو دیکھ کر بہت خوشی ہوئی۔میں اس محبت پر اپنے دوست محمد العبار اور ان کی فیملی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔“